امریکہ یمن میں جنگ جاری رکھنا چاہتا ہے: تحریک انصار اللہ
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکہ، یمن میں جنگ جاری رکھنا چاہتا ہے اور اسے اپنے مفادات کے لئے استعمال کر رہا ہے-
یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے لبنان کے الاخبار روزنامے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ یمن کا محاصرہ اور حملے جاری رہنا بحران ختم نہ ہونے اور مذاکرات کے پیچیدہ ہونے کی اصلی وجہ ہے۔ انھوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ تحریک انصاراللہ جارحیت بند ہونے اور محاصرہ ختم کئے جانے سے پہلے مذاکرات شروع کرنے کے خلاف ہے-
محمد عبدالسلام نے ایک بار پھر اعلان کیا کہ امریکہ جنیوا معاہدے کے ناکام ہونے کا اصلی عامل ہے۔ کیونکہ امریکہ جنگ یمن کے طولانی ہونے کو شام اور علاقے میں اپنے مفاد میں سمجھتا ہے اور اسے جاری رکھنا چاہتا ہے-
تحریک انصار اللہ کے ترجمان نے کہا کہ یمن کی مستعفی حکومت کے وزیر خارجہ نے اس ملک میں فیڈرل نظام حکومت کے سلسلے میں جو کہا ہے وہ ایک اختلافی مسئلہ ہے اور بحران کے حل نہ ہونے کا عامل بھی یہی ہے کیونکہ طرز حکومت کے موضوع کا جائزہ قومی کونسل میں لیا جانا چاہئے نہ کہ ایک فریق اپنے مطالبات دوسروں پر مسلط کرنے کی کوشش کرے-