Feb ۰۴, ۲۰۱۶ ۱۵:۰۹ Asia/Tehran
  • شام میں نبل اور الزہرا قصبوں کے ساتھ ہی دیگر کئی علاقے بھی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد

شام میں فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے دو اہم قصبوں نبل اور الزہرا کو دہشت گردوں کے محاصرے سے آزاد کر الیا ہے ۔ ان دونوں قصبوں کے ساتھ ہی حلب کے شمال میں بہت سے شہر اور قصبے بھی دہشت گردوں سے واپس لے لئے گئے ہیں ۔

شام کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے سرانجام ساڑھے چار سال کے بعد حلب کے شمال میں واقع اہم قصبوں نبل اور الزہرا کو تکفیری دہشت گردوں کے محاصرے سے آزاد کرا لیا ۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق شام کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے ان دونوں قصبوں کا محاصرہ ختم کرانے کے لئے دو طرف سے آپریشن شروع کیا اور سرانجام دہشت گردوں کو شکست دے کر بدھ کی شام کو مکمل طور پر ان دونوں قصبوں کے عوام کو دہشت گردوں کے ظالمانہ محاصرے سے نجات دلائی۔

رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ نبل اور الزہرا کا محاصرہ ختم کرانے کے بعد فوج اور عوامی رضاکار فورس کے دستے مذکورہ قصبوں میں داخل ہوئے تو عوام نے ان کا والہانہ استقبال کیا ۔

نبل اور الزہرا کے عوام نے ساڑھے چار سال کے محاصرے کے دوران سختیاں برداشت کیں ، بھوک اور پیاس کا سامنا کیا دواؤں اور کھانے پینے کی اشیا کے فقدان کے نتیجے میں اپنے پیاروں کو موت کی آغوش میں جاتے دیکھا لیکن دہشت گردوں کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند ڈٹے رہے اور انہیں قصبوں کے اندر داخل نہیں ہونے دیا۔

شام کی مسلح افواج کی ہائی کمان نے بدھ کی رات ایک بیان جاری کرکے فوج اور عوامی رضاکار دستوں کی اس عظیم فتح کا اعلان کیا۔ شام کی مسلح افواج کے ہائی کمان نے اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ یہ عظیم کامیابی حلب کے شمال میں دہشت گردوں کی مکمل سرکوبی کا پیش خیمہ ہے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ان دونوں قصبوں کو دہشت گردوں کے محاصرے سے آزاد کرانے سے پہلے حلب کے شمالی مضافات میں بہت سے شہری علاقوں اور دیہی بستیوں کو آزاد کرایا گیا۔ شام کی مسلح افواج کی ہائی کمان نے بتایا ہے کہ نبل اور الزہرا کا محاصرہ ختم کرانے کے آپریشن میں بہت سے تکفیری دہشت گرد ہلاک کئے گئے۔

شامی فوج کے مطابق یہ بہت بڑی کامیابی ہے جس کے نتیجے میں حلب اور اس کے شمالی مضافات میں موجود دہشت گردوں تک ترکی کی سرحد سے مدد اور کمک پہنچنے کا راستہ بند ہوگیا ہے۔ شام سے موصولہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف فوج اور عوامی رضاکار دستوں کا ملک گیر زمینی اور فضائی آپریشن جاری ہے۔ان رپورٹوں کے مطابق شام کی فضائیہ کے جںگی طیاروں نے دمشق کے مضافاتی علاقوں، دیرالزور، حلب ، ادلب، حماہ اور حمص میں تکفیری دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملے کرکے درجنوں دہشت گروں کو ہلاک کردیا۔

اسی کے ساتھ شامی فوج نے ادلب کے شمال میں واقع التمانعۃ نامی قصبے اور حماہ کے مضافاتی علاقے الزکا میں دہشت گردوں کے مراکز پر گولہ باری کرکے انہیں زبردست جانی اور مالی نقصان پہنچایا ہے۔

اسی کے ساتھ المیادین ٹی وی نے درعا کے شمال میں شامی افواج کی پیشقدمی کی خبر دی ہے۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شامی افواج نے درعا کے شمال میں درجنوں دہشت گردوں کو ہلاک کرکے عتمان نامی علاقے کی جانب پیشقدمی کی ہے۔

ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شامی فوج کے اسپیشل دستوں نے دمشق کے شمال مشرق میں ایک پیچیدہ آپریشن میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ اس آپریشن میں درجنوں دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں ۔

ٹیگس