طالبان کے ساتھ، افغان حکومت کے براہ راست مذاکرات کا امکان
-
افغانستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان احمد شکیب مستقانی
افغانستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ان کی حکومت کو توقع ہے کہ رواں مہینے کے آخر تک طالبان کے ساتھ اس کے براہ راست مذاکرات ہوں گے۔
اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، افغانستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان احمد شکیب مستقانی نے اتوار کے دن کہا کہ افغانستان، پاکستان، چین اور امریکہ نے ہفتے کے دن اسلام آباد میں کابل حکومت اور طالبان کے درمیان براہ راست مذاکرات کے لئے روڈمیپ سے اتفاق کیا ہے۔ احمد شکیب مستقانی نے مزید کہا کہ افغان حکومت کو امید ہے کہ افغان عوام پر مسلط کی جانے والی بدامنی اور تشدد کا مستقبل قریب میں خاتمہ ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ افغانستان کی حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا آخری دور موسم گرما میں ہوا تھا جوکہ نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکا۔ افغانستان، پاکستان، چین اور امریکہ پر مشتمل چار فریقی مذاکرات کا آئندہ دور تئیس فروری کو کابل میں ہوگا۔