لیبیا کے انقلابیوں اور سوڈان کے باغیوں کے درمیان شدید جھڑپیں
لیبیا کے انقلابیوں اور سوڈان کے باغیوں کے درمیان ایک جھڑپ میں پچاس افراد مارے گئے ہیں۔
سوڈانی ذرائع نے لیبیا کے رکن پارلیمنٹ سنوسی القمی کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ جھڑپ جنوب مشرقی لیبیا کے علاقے الکفرہ میں ہوئی جہاں سوڈان کے علاقے دارفور کے مسلح باغیوں نے اپنے ٹھکانے بنا رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جھڑپ کے دوران پچاس افراد ہلاک اور پندرہ زخمی ہو گئے جبکہ باغیوں کی متعدد گاڑیوں کو انقلابیوں نے اپنی تحویل میں لے لیا۔
القمی کے مطابق سوڈان کے باغی، گھات لگا کر عام شہریوں کو نشانہ بنا رہے تھے جس کی وجہ سے لوگوں میں سخت خوف و ہراس پیدا ہو گیا تھا۔ اس سے پہلے لیبیا کی فوج اور جنوبی سوڈان کے باغیوں کے درمیان شمالی الکفرہ میں بھی جھڑپیں ہوئی تھیں۔
سوڈان کا علاقہ دارفور کافی عرصے سے بدامنی کا شکار ہے اور اس علاقے میں سوڈانی فوج اور دارفور کے باغیوں کے درمیان اکثر جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔