صیہونی حکومت کے ایک اسپتال میں بحرینی شہزادے کا علاج
بحرین کے ایک شہزادے نے صیہونی حکومت کے ایک اسپتال میں اپنا علاج کرایا ہے۔
صیہونی اخبار ٹائمز آف اسرائیل نے خبر دی ہے کہ بحرین کے شاہی خاندان ،آل خلیفہ، کے ایک شہزادے نے اسرائیل کے رامبام اسپتال میں اپنا علاج کرایا ہے اور وہ دو مہینے تک علاج کے لئے اس اسپتال میں داخل رہا ہے۔
رامبام اسپتال مقبوضہ فلسطین کے مغربی شہر حیفا میں واقع ہے۔ صیہونی حکومت کے نائب وزیر برائے علاقائی تعاون ایوب قرا نے ٹائمز آف اسرائیل سے اپنے انٹرویو میں بحرینی شہزادے کے اسرائیلی اسپتال میں علاج کی تصدیق کی ہے۔ صیہونی حکومت کے مذکورہ عہدیدار کے مطابق اسرائیل، خلیج فارس کے عرب ملکوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
البتہ صیہونی حکومت کے مذکورہ عہدیدار نے اس بحرینی شہزادے کا نام نہیں بتایا۔ صیہونی حکومت کے نائب وزیر برائے علاقائی تعاون ایوب قرا نے کہا کہ بحرینی شہزادے کا اسرائیل کے اسپتال میں دو مہینے تک علاج ہوتا رہا اور اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو کو بھی اس کا علم تھا۔
واضح رہے کہ بحرین، قطر اور سعودی عرب کے صیہونی حکومت کے ساتھ اعلانیہ اور خفیہ تجارتی اور سیاسی تعلقات ہیں۔ البتہ ان ملکوں میں صیہونی حکومت کے سفارت خانے نہیں ہیں۔