Feb ۱۵, ۲۰۱۶ ۱۷:۲۱ Asia/Tehran
  • عراق کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے سعودی جارح طیاروں کو مار گرایا جائے گا

عراق کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے سعودی جنگی طیاروں کو مار گرایا جائے گا۔

عراق کی البراثا نیوز ایجنسی کے مطابق عراقی پارلیمنٹ کی دفاعی کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ اگر سعودی جنگی طیاروں نے عراق کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تو ان پر حملہ کیا جائے گا۔

اس رپورٹ کے مطابق عراقی پارلیمنٹ کی دفاعی کمیٹی کے رکن عدنان الاسدی نے شمالی سعودی عرب میں عراق کی سرحد کے قریب فوجی مشقیں انجام دینے کے سعودی حکومت کے اعلان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ان فوجی مشقوں کے دوران عراق کی فضائی حدود کی خلاف ورزی نہ کی جائے۔

انھوں نے کہا کہ ملک کی سرحدوں کے قریب سعودی فوجیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لئے فوجی دستے روانہ کر دیئے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ سعودی میڈیا نے ملک کے شمال میں نارتھ تھنڈر کے نام سے فوجی مشقوں کے پروگرام کی خبر دی ہے۔

سعودی حکومت نے دعوی کیا ہے کہ ان فوجی مشقوں میں پاکستان سمیت پچیس ممالک حصہ لیں گے۔

اس اعلان کے بعد عراقی رہنماؤں نے اپنے ملک کی سرحد کے قریب فوجی مشقوں پر تشویش کا اعلان کیا ہے۔

اسی کے ساتھ عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ترجمان احمد الاسدی نے ایک بیان جاری کر کے اعلان کیا ہے کہ اگر سعودی فوجیوں نے ہماری سرحدوں میں داخل ہونے کی حماقت کی تو عراق کو ان کا قبرستان بنا دیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ سعودی حکومت یا فوجی مشقوں میں حصہ لینے والے کسی بھی ملک کے فوجیوں نے عراق کی مغربی سرحدوں کے قریب آنے کی جرائت کی تو عوامی رضاکار فورس کے سپاہی ان کا مقابلہ کریں گے۔

ٹیگس