افغانستان: افغان فوج نے صوبہ بغلان کے شہر دند شہاب الدین سے طالبان کو نکال باہر کیا
افعان حکومت نے کہا ہے کہ سرکاری فوج نےایک بڑا آپریشن کرکے صوبہ بغلان کے شہر دند شہاب الدین سے طالبان کو باہرنکال دیا ہے۔
افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان صدیق صدیقی نے بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ صوبہ بغلان میں مسلح مخالفین کے خلاف آپریشن بدستور جاری ہے -
انہوں نے کہا کہ طالبان کو دند شہاب الدین شہرسے باہر نکال دیا گیاہے -
افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے علاقے کو طالبان سے آزاد کرانے کی کارروائیاں سست روی سے انجام پانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ طالبان نے لوگوں کے گھروں میں مورچے بنا رکھے ہیں اور فوج کی کوشش ہے کہ عام شہریوں کی جانوں کو نقصان نہ پہنچے -
افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا قندوز ، بدخشاں اور ننگرہار صوبوں میں بھی مسلح مخالفین کے خلاف فوج اور سیکورٹی فورس کا آپریشن جاری ہے -
ان کا کہنا تھا کہ صوبہ ننگرہار کے شہر اچین میں دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف کارروائی میں داعش کے پینتالیس دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے -
واضح رہے کہ صوبہ بغلان کے شہر دند شہاب الدین کو طالبان کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے افغان فوج کی کارروائی پیر کو شروع ہوئی تھی -