شام میں جنگ بندی کے بارے میں امیر عبداللہیان کی ڈی میسٹورا سے بات چیت
شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے کہا ہے کہ ہفتے کی رات سے شام میں جنگ بندی کا آغاز ہو جائے گا۔
شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن ڈی میسٹورا نے جمعرات کے روز ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے بات چیت میں کہا کہ میونخ اجلاس میں حالیہ سمجھوتے کے بعد شام میں ہفتے کی رات سے جنگ بندی شروع ہو جائے گی۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اسٹیفن ڈی میسٹورا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور شام میں جنگ بندی کے قیام اور سیاسی عمل میں مدد دینے میں ایران کے تعمیری کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شام کے حامی ان تمام ممالک کا اس ملک میں پائیدار جنگ بندی میں مدد دینے میں اہم کردار ہے کہ جنھوں نے حالیہ میونخ اجلاس میں شرکت کی ہے۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے بھی اقوام متحدہ اور خود ڈی میسٹورا کی مثبت کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے ہمیشہ شام میں جنگ بندی کے قیام اور ان علاقوں کے علاوہ کہ جہاں دہشت گرد موجود ہیں، اس ملک کے تمام متاثرہ علاقوں میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد بھیجنے پر زور دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو شام میں جنگ بندی کی آڑ میں خود کو مسلح نہیں کرنا چاہیے اور چہرہ بدل کر سیاسی عمل اور مذاکرات میں خلل نہیں ڈالنا چاہیے۔