Feb ۲۹, ۲۰۱۶ ۱۷:۴۷ Asia/Tehran
  • عرب دنیا اسرائیل کے ایٹمی ہتھیاروں پر توجہ مرکوز کرے، نبیل العربی

عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نبیل العربی نے کہا ہے کہ ایران اور چھے بڑی طاقتوں کے درمیان ایٹمی معاہدے نے جیو پولیٹیکل حالات کو تبدیل کر دیا ہے۔

النشرہ ویب سائٹ کے مطابق عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نے قاہرہ میں مصر اور عرب لیگ کی دوسری مشترکہ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں ایسی جیو پولیٹیکل تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کھل کر کہا کہ یہ جیو پولیٹیکل تبدیلیاں ایران اور چھے بڑی طاقتوں کے درمیان ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کے علاوہ کچھ اور نہیں۔

عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے درمیان ایٹمی اتفاق رائے خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ اختلافات کو پرامن طریقے سے حل کرنے اور بحران کے شعلوں کو خاموش کرنے میں سفارت کاری کی طاقت کا ثبوت ہے۔

عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ساری دنیا اسرائیل کے ایٹمی ہتھیاروں کی طرف توجہ مرکوز کر دے۔ عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ اسرائیل پچھلے کئی عشروں سے کامیاب کھیل کھیلتا چلا آرہا ہے اور اس نے اپنے ایٹمی ہتھیاروں پر عالمی برادری کی توجہ مرکوز نہیں ہونے دی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھی اب تک اسرائیل کی مکمل جانبداری کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری نے دہرے معیار کی پالیسیوں کے ذریعے ایٹمی ترک اسلحہ اور ایٹمی عدم پھیلاؤ کے مقابلے میں ہمیشہ اسرائیل کا ساتھ دیا ہے۔

ٹیگس