افغانستان: ہندوستان اور دیگر ملکوں کے قونصل خانوں کے قریب بم دھماکہ
افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار کے صدر مقام جلال آباد میں ہندوستان اور دیگر ملکوں کے قونصل خانوں کے قریب بم دھماکے اور فائرنگ کے تبادلے میں کم سے کم پانچ افراد مارے گئے ہیں
افغان پولیس کا کہنا ہے کہ خودکش بم دھماکہ جلال آباد کے اس علاقے میں ہوا جہاں غیر ملکی قونصل خانے واقع ہیں۔ دھماکے کے بعد مسلح حملہ آوروں اور افغان سیکورٹی فورس کے درمیان زبردست فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں کم سے کم چار حملہ آور مارے گئے -
افغان نیوز ایجنسی خامہ پریس نے خبردی ہے کہ یہ دھماکہ ہندوستان کے قونصل خانے کے قریب ہوا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق یہ دھماکہ خودکش تھا جس میں ایک حملہ آور نے ہندوستان کے قونصل خانے کے قریب خود کو دھماکے سے اڑالیا۔
دھماکے کے بعد علاقے میں مسلح حملہ آوروں اور افغان سیکورٹی فورس کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا عینی شاہدین کے مطابق اس حملے میں کم سے کم آٹھ گاڑیوں میں آگ لگ گئی ۔
پژواک نیوز ایجنسی نے بھی بتایا ہے کہ دھماکے میں کم سے کم چھے افراد زخمی ہوئے ہیں۔
دو ماہ قبل جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے پر حملہ کیا گیا تھا جس کی ذمہ داری دہشت گرد گروہ داعش نے قبول کی تھی۔ پچھلے چند ماہ کے دوران افغانستان اورخاص طور سے ننگر ہار صوبے میں داعش دہشت گرد گروہ کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔