عرب لیگ کے فیصلے پر انصار اللہ یمن کا ردعمل
-
تحریک انصاراللہ یمن کی سیاسی کونسل نے ایک بیان جاری کر کے حزب اللہ لبنان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
تحریک انصار اللہ یمن نے عرب لیگ کے وزرائے داخلہ کے حزب اللہ لبنان کو دہشت گرد قرار دینے کے فیصلے کو صیہونی حکومت اور علاقے میں جرائم پیشہ گروہوں کی مفت خدمت قرار دیا ہے۔
العہد ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاراللہ یمن کی سیاسی کونسل نے بدھ کی رات ایک بیان میں امریکہ، صیہونی حکومت اور آل سعود حکومت کے حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے حزب اللہ لبنان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
تحریک انصار اللہ یمن نے بدھ کے روز بھی یمن کی مظلوم قوم کی حمایت میں حزب اللہ کے موقف کی تعریف کرتے ہوئے سید حسن نصر اللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یمنی عوام سعودیوں کے حملوں کے مقابل ملت یمن کے دفاع میں آپ کے موقف اور حق گوئی کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ عرب ملکوں کے وزرائے داخلہ کی کونسل نے تیونس میں ہونے والے اپنے تینتیسویں اجلاس میں حزب اللہ لبنان کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دیا اور صیہونی و تکفیری دہشت گردی کے خلاف اس کے مقابلے اور لڑائی کو خطرناک قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی۔
مبصرین نے اس بات پر زور دیا ہے کہ عرب لیگ کے وزرائے داخلہ کی کونسل نے یہ فیصلہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے دباؤ پر صیہونی و تکفیری دہشت گردی کی حمایت کے مقصد سے کیا ہے۔