Mar ۰۴, ۲۰۱۶ ۰۷:۳۶ Asia/Tehran
  • شام میں ترکی اور سعودی عرب کی مداخلت بند کئے جانے پر تاکید

شام کے نائب وزیر برائے قومی آشتی احمد منیر نے کہا ہے کہ اگر ترکی اور سعودی عرب شام میں اپنی مداخلت کا سلسلہ ختم کر دیں تو جنگ بندی شام کے بحران کے حل پر منتج ہو سکتی ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق احمد منیر نے ترکی اور سعودی عرب کو خبردار کیا ہے کہ وہ شام میں اپنی مداخلت کا سلسلہ بند کر دیں تاکہ شام کے پیچیدہ بحران کو سیاسی طریقے سے حل کیا جا سکے۔

شام کے نائب وزیر برائے قومی آشتی احمد منیر نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے ساتھ گفتگو کے دوران کہا کہ اگر سعودی عرب اور ترکی شام کے امور میں اپنی مداخلت اور دہشت گردوں کی حمایت بند کردیں تو امریکہ اور روس کے سمجھوتے کی بنیاد پر ہونے والی جنگ بندی کامیابی سے ہمکنار ہوسکتی ہے۔

احمد منیر نے مزید کہا کہ شام کا پرامن حل یورپ کے لئے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے اور اس سے تارکین وطن کی یورپ کی جانب روانگی کا سلسلہ بند ہو سکتا ہے۔ احمد منیر نے کہا کہ اگر کسی بھی وجہ سے شام میں امن قائم نہ ہوا تو یورپ کے لئے دہشت گردوں کا خطرہ بڑھ جائے گا۔

شام کے بعض علاقوں منجملہ حماہ، حمص، لاذقیہ اور دمشق میں لڑائی جاری ہے۔

ٹیگس