حزب اللہ کی حمایت میں دمشق میں مظاہرہ
شام کے شہریوں نے حزب اللہ لبنان کے بارے میں خلیج فارس تعاون کونسل کے فیصلے کے خلاف مظاہرے کیے ہیں۔
سیکڑوں کی تعداد میں شامی شہری دارالحکومت دمشق کی سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کیے جانے کی مذمت میں نعرے لگائے۔
دمشق میں ہونے والے مظاہرے کے شرکا نے حزب اللہ سمیت، اسرائیل کے خلاف مزاحمت کرنے والی دیگر تحریکوں کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
شامی بعث پارٹی کے رہنما خلف مفتاح نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک مزاحمت کے خلاف سعودی عرب کے فیصلے سے عرب قوموں میں حزب اللہ کی حمایت میں مزید اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عرب قومیں امت مسلمہ کے خلاف سازشیں کرنے والے سعودی عرب کو رسوا کر دیں گی۔
شام کے سرکردہ فوجی مبصر اور اسٹریٹیجک امور کے ماہر حسن احمد حسن نے اس موقع پر کہا کہ تمام تر سازشوں کے باجود دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب کی سرکردگی میں قائم خلیج فارس تعاون کونسل نے حال ہی میں اسرائیل کے خلاف جدوجہد کرنے والی تحریک حزب اللہ کو دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں شامل کر دیا ہے۔ امریکہ اور اسرائیل نے عرب ملکوں کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔