فلسطین کے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، اسماعیل ہنیہ
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے نائب سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت سے فلسطینی شہداء کے خون کا انتقام ضرور لیا جائے گا۔
اسماعیل ہنیہ نے فلسطینی شہداء کے لواحقین سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ فلسطینی شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور فلسطین کی آزادی کے لئے فلسطینی شہداء کی راہ کو جاری رکھا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ فلسطینی شہداء نے ہی مسجد الاقصی اور فلسطین کی آزادی کی راہ اور اس کا خاکہ تیار کیا ہے اور ان شہداء کی امنگوں کو پورا کرنے کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
دریں اثنا فلسطینی شہداء کے اہل خانہ کی قومی انجمن نے ایک رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ اکتوبر دو ہزار پندرہ میں شروع ہونے والی انتفاضۂ قدس کے دوران غزہ، بیت المقدس اور غرب اردن کے مختلف علاقوں میں اب تک دو سو فلسطینی شہید ہوئے ہیں جن میں اکیاون بچے اور بیس عورتیں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ غاصب صیہونی حکومت کی جارحانہ پالیسیوں اور زمان و مکان کے اعتبار سے مسجد الاقصی کی تقسیم نیز بیت المقدس کا اسلامی تشخص ختم کرنے سے متعلق اس غاصب حکومت کی سازشوں کے خلاف انتفاضۂ قدس کے عنوان سے فلسطینیوں کے احتجاجات کا سلسلہ اکتوبر دو ہزار پندرہ سے بدستور جاری ہے۔