Mar ۲۹, ۲۰۱۶ ۰۹:۴۶ Asia/Tehran
  • یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی جارحیت میں بارہ عام شہریوں کی شہادت

سعودی لڑاکا طیاروں نے یمن کے مختلف علاقوں کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا جس میں بارہ عام شہری شہید ہو گئے۔

العالم نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے پیر کی رات جنوب مغربی یمن میں واقع صوبے تعز کے شہر ذباب کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا جس میں چار عام شہری شہید ہو گئے۔ ذمار اور مآرب صوبوں کے مختلف علاقوں پر ہونے والی بمباری میں بھی آٹھ یمنی شہری شہید ہوئے ہیں۔ ان حملوں میں درجنوں یمنی شہری زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

سعودی اتحاد کی جارحیت کے جواب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں نے بھی صوبے تعز میں ایک کارروائی کرتے ہوئے یمن کے مستعفی صدر منصور ہادی کے چار ایجنٹوں کو ہلاک کر دیا۔

واضح رہے کہ یمن پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے گذشتہ ایک سال سے جاری وحشیانہ حملوں میں ہزاروں یمنی شہری شہید اور دسیوں لاکھ بےگھر ہوئے ہیں جبکہ اس ملک کی بنیادی شہری تنصیبات پوری طرح تباہ ہو چکی ہیں۔

یمن کے رہائشی علاقوں پر سعودی عرب کے حملے اقوام متحدہ کی اجازت کے بغیر انجام پا رہے ہیں جن کے دوران سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے یمنی شہریوں پر کلسٹر بم بھی برسائے۔ ان حملوں کے دوران اسکولوں اور اسپتالوں کو بھی بری طرح نشانہ بنایا گیا۔

یمن پر سعودی عرب کے وحشیانہ حملوں کی عالمی سطح پر مذمت کی جا رہی ہے لیکن آل سعود حکومت عالمی برادری کے احتجاج کی پرواہ کئے بغیر اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔

انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے امریکا کو بھی یمن میں عام شہریوں پر ہونے والے مظالم میں شریک جرم قرار دیا۔

قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے یمن کے عوام کی انقلابی تحریک کو کچلنے اور معزول صدر منصور ہادی کو دوبارہ اقتدار میں لانے کے بہانے یمن پر جارحانہ حملے شروع کئے تھے۔

ٹیگس