بنگلہ دیش میں بیگم خالدہ ضیاء کی گرفتاری سے قبل ضمانت
ڈھاکہ کی ایک عدالت نے بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم اور بی این پی کی سربراہ بیگم خالدہ ضیاء کو گرفتاری سے قبل ہی ضمانت دے دی۔
منگل کو بی این پی کی رہنما گرفتاری کے وارنٹ کے خلاف ضمانت لینے کے لئے خود سے عدالت میں پیش ہوئیں، جہاں عدالت نے انہیں ضمانت دے دی۔
خالدہ ضیاء پرالزام ہے کہ انہوں نے گذشتہ برس ڈھاکہ میں حکومت مخالف مظاہرے کے دوران ایک بس پر پٹرول بم سے حملہ کرنے کے لئے مظاہرین کو اکسایا تھا۔ ڈھاکہ میں عدالت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ بیگم خالدہ ضیاء نے عدالت کے روبرو حاضر ہو کر گرفتاری کے وارنٹ کے خلاف ضمانت لے لی۔
بنگلہ دیش کے ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ جس وقت خالدہ ضیاء عدالت میں پیش ہو رہی تھیں، اس موقع پر ان کے سیکڑوں حامی وہاں موجود تھے اور انہوں نے عدالت کے احاطے کو گھیرے میں لے لیا تھا۔
خالدہ ضیاء کی عدالت میں پیشی کے وقت بڑی تعداد میں بلوا پولیس بھی وہاں تعینات تھی۔
یاد رہے کہ ڈھاکہ کے مجسٹریٹ کی عدالت نے چھے روز قبل بیگم خالدہ ضیاء کی گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا تھا۔ ان کے ساتھ سینتیس دیگر افراد کے خلاف بھی گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا گیا تھا۔