مصری جزیروں کو سعودی عرب کے حوالے کئے جانے کے خلاف قاہرہ میں مظاہرہ
مصر کےمشتعل عوام نے اپنے ملک کے دو اسٹریٹیجک جزیروں کو سعودی عرب کےحوالےکردیئے جانے کے حکومتی فیصلے کے خلاف سخت احتجاج کیا ہے
قاہرہ سے موصو لہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ مصری مظاہرین نے فوجی صدرعبدالفتاح السیسی کے ذریعے دو مصری جزیروں کو سعودی عرب کو بخش دیئے جانے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے قاہرہ یونیورسٹی کے میڈیکل کالج کے توسیعی منصوبے کےلئے سعوی عرب کے ذریعے رکھے گئے سنگ بنیاد کو تباہ کردیا ہے - سعودی عرب نے وعدہ کیا تھا کہ وہ قاہرہ یونیورسٹی کے قصرالعینی اسپتال اور میڈیکل کالج کی عمارت اوراس کے شعبوں کو وسیع کرنے کے اخراجات پورا کرے گا -
سعودی عرب کے وزیرخزانہ عبدالعزیز العساف نے مصری حکام کی موجودگی میں مذکورہ اسپتال کے توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا تھا - سماجی ویب سائٹوں کے صارفین کا کہنا ہے کہ اس میڈیکل کالج کے اساتذہ اور طلبا نے توسیعی منصوبے کے لئے سعودی عرب کے ذریعے رکھے گئے سنگ بنیاد کو پوری طرح تباہ کردیاہے -
واضح رہے کہ مصر اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے ایک سمجھوتے کے مطابق مصری حکومت نے بحیرہ احمر میں اسٹریٹیجک اہمیت کے حامل اپنے دوجزیروں تیران اور صنافیر کو سعودی عرب کو تحفے میں دے دیا ہے - سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز کے حالیہ دورہ مصر میں دونوں ملکوں نے ایک سرحدی سمجھوتے پردستخط کئے جس کے مطابق یہ دونوں جزیرے اب سعودی عرب کی ملکیت ہوگئے ہیں - ان جزیروں کی اہمیت اس اعتبار سے زیادہ ہے کہ آبنائے تیران کے ذریعے ہی صیہونی حکومت خلیج عقبہ کے راستے بحیرہ احمر تک پہنچ سکتی ہے اور یہ گذرگاہ صیہونی حکومت کی تجارتی درآمدات اور برآمدات میں اہم کردار اداکرسکتی ہے -