عراقی پارلیمنٹ کا فوری اجلاس بلائے جانے کا العبادی کا مطالبہ
عراقی وزیر اعظم نے ملک میں جاری کشیدہ صورتحال کے خاتمے کے لئے، پارلیمنٹ کا فوری اجلاس بلائے جانے کا مطالبہ کیا ہے-
سومریہ نیوز کے مطابق عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے پیر کے روز ایک تقریر میں اس ملک کی پارلیمنٹ کے اراکین سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں جاری کشیدہ صورتحال کے حل اور نئی کابینہ کو اعتماد کا ووٹ دینے کی غرض سے فوری اجلاس بلائیں - عراقی وزیر اعظم نے کہا کہ آئندہ دنوں میں عراقی پارلیمنٹ، نئی کابینہ کے مجوزہ وزرا کے سلسلے میں فیصلہ کرے اور ان کو اعتماد کا ووٹ دے -
واضح رہے کہ عراق میں منگل کے روز سے، بعض اراکین پارلیمنٹ کے دھرنے کے ساتھ ہی سیاسی بحران نئے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے- دھرنا دینے والوں نے جمعرات کو پہلا قدم اٹھاتے ہوئے، پارلیمنٹ اسپیکر کو برطرف کرنے کے لئے ووٹنگ کی اور اعلان کیا کہ ایک سو ستر سے زائد ووٹوں کے ذریعے سلیم الجبوری کو برطرف کیا جاتا ہے لیکن عراق کے بعض سیاسی دھڑوں نے، اراکین پارلمینٹ کے اس اقدام کی مخالفت کی ہے-