عالم اسلام سے تحریک حماس کی اپیل
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے عالم اسلام سے بیت المقدس کے تحفظ کے لیے اٹھ کھڑے ہونے کی اپیل کی ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم کے نام ایک مراسلے میں تحریک حماس نے اپیل کی ہے کہ عالم اسلام کے سب سے بڑے ادارے کی حثیت سے یہ تنظیم بیت المقدس کے اسلامی آثار مٹائے جانے اور اسے یہودی رنگ دینے کی سازشوں کے خلاف واضح ، ٹھوس اور عملی موقف اپنائے۔
حماس نے او آئی سی کے رکن ملکوں کے سربراہوں پر زور دیا ہے کہ وہ بیت المقدس اور مسجدالاقصی کے بارے میں صیہونی سازشوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ اسلامی تعاون تنظیم کے نام حماس کے خط میں مزید آیا ہے کہ بیت المقدس اور غرب اردن میں غاصب صیہونیوں کی جارحیت اور صیہونی بستیوں کی تعمیر کے خلاف تحریک انتفاضہ کا سلسلہ جاری ہے جس کا مقصد سرزمین فلسطین کا دفاع کرنا ہے۔
او آئی سی کے نام حماس کے اس خط میں غزہ کا محاصرہ ختم کرانے کے لیے بھی لازمی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔