صوبہ قندوز میں طالبان کا اہم کمانڈر ہلاک
افغانستان کے صوبہ قندوز میں طالبان کے ایک اہم کمانڈر کو ہلاک کر دیا گیا ہے
صوبہ قندوز میں افغانستان کے ایک فوجی کمانڈر نے بتایا ہے کہ قلعہ زال کے علاقے میں طالبان کے ایک کمانڈر کو ہلاک کر دیا گیا ہے - مذکورہ افغان فوجی کمانڈر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے طالبان کمانڈر کا نام مولوی محب اللہ ہکیار ہے جو تاجیکستان کی سرحد کے قریب واقع شہر قلعہ زال میں مارا گیا ہے -
افغان فوج کے مذکورہ سینیئر کمانڈر نے بتایا کہ قعلہ زال کا علاقہ چونکہ ایک میدانی اور دور افتادہ علاقہ ہے اس لئے یہ طالبان کا گڑھ بن گیا ہے - ان کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں طالبان کی صفوں میں ازبک اور تاجیک باشندے بھی شامل ہیں -
صوبہ قندوز کے مقامی حکام کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں پچھلے چندروز کے دوران افغان فوج کی کارروائیوں میں کئی طالبان کمانڈر مارے گئے ہیں -
-قابل ذکر ہے کہ صوبہ قندوز کے چھے شہروں پر طالبان نے یہ اچانک حملے ایک ایسے وقت کئے ہیں جب اس نے موسم بہار کی آمد پر اپنی سرگرمیوں کا دائرہ پھیلا دیا ہے-