تحریک انصاراللہ یمن کی اقوام متحدہ پر تنقید
تحریک انصاراللہ کےترجمان نے یمن میں جنگ بندی کے قیام میں اقوام متحدہ کی ناتوانی پر تنقید کی ہے-
یمن کی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے لبنان کے المیادین ٹی وی چینل کے ساتھ انٹرویو میں کہا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ اقوام متحدہ دنیا کا سب سے بڑا بین الاقوامی ادارہ ہونے کی حیثیت سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے والوں سے نمٹنے میں ناکام رہا ہے اور وہ اس ادارے کی کمزوری سے فائدہ اٹھا رہے ہیں-
انصاراللہ کے ترجمان نے کہا کہ یمنی عوام کا خیال ہے کہ بحران یمن کو صرف سیاسی طریقے سے ہی حل کیا جا سکتا ہے اور ہوائی حملوں کے ختم کئے بغیر کوئی تبدیلی آنے والی نہیں ہے-
واضح رہے کہ یمن سے متعلق امن مذاکرات اٹھارہ اپریل سے کویت میں ہونے والے تھے تاہم یمن میں سعودی عرب کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کے باعث تحریک انصاراللہ نے اس اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مذاکرات اسی صورت میں جاری رہ سکتے ہیں جب یمنی عوام کے خلاف حملے بند کئے جائیں- اس سے قبل دسمبر دوہزار پندرہ میں سوئٹزرلینڈ میں یمنی گروہوں کے درمیان مذاکرات انجام پائے تھے، جو بے نتیجہ رہے-