داعش، کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال
تکفیری دہشت گردگروہ داعش نے عراق میں ایک بار پھر کیمیائی ہتھیاروں سے حملہ کیا ہے۔
المیادین ٹیلی ویژن چینل نے خبر دی ہے کہ تکفیری دہشت گرد گروہ داعش نے موصل کے اطراف میں ابو دشیت کے علاقے میں کرد پیشمرگہ ملیشیا کے اڈوں پر کیمیائی مواد کے حامل راکٹوں سے حملہ کیا۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی داعش کے عناصر اپنے حملوں میں کیمیائی اور زہریلی گیسوں کا استعمال کر چکے ہیں۔
دوسری جانب عراقی فوج کے ایک کمانڈر عبد المحسن العباسی نے اعلان کیا ہے کہ صوبہ الانبار میں فوج اورعوامی رضاکار فورس نے ایک مشترکہ کارروائی کے دوران الکرمہ شہر کے قریب کئی دیہاتوں کو داعش کےقبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ اس کارروائی میں داعش کا ایک سرغنہ یاسین الخلیفاوی دعفسہ اپنے کئی دہشت گرد ساتھیوں کے ہمراہ مارا گیا ہے۔
مذکورہ عراقی فوجی کمانڈر کا کہنا ہے کہ عراقی فوج نے اس کارروائی میں داعش کے ہتھیاروں کے کئی ڈپو کا پتہ لگا کر ان کے ہتھیاروں اور گولہ بارود کو ضبط کر لیا۔