Apr ۲۰, ۲۰۱۶ ۱۸:۱۸ Asia/Tehran
  • عراق میں صدر گروہ کی اپیل

عراق میں صدرگروہ کے رہنما مقتدی صدر نے ہڑتال پر بیٹھے ممبران پارلیمنٹ سے کہا ہے وہ اپنی ہڑتال ختم کر دیں۔

عراق کے مذہبی اور سیاسی رہنما مقتدی صدر نے بدھ کو ایک بیان جاری کر کے ملک میں سیاسی کشیدگی جاری رہنے کے نتیجے میں پیدا ہونے والے خطرات کا ذکر کرتے ہوئے ممبران پارلیمنٹ سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی ہڑتال ختم کر دیں۔

اس درمیان عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے جو مسلح افواج کے سپریم کمانڈر بھی ہیں، سیکورٹی فورس کے اعلی کمانڈروں کے ساتھ اجلاس میں عوامی مظاہروں کے پرامن ہونے پر زور دیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ سیکورٹی فورس ایسے ہر مظاہرے کو روک دے جو انتظامیہ کی اجازت کے بغیر ہو۔

عراقی وزیراعظم نے خبردار کیا کہ جو لوگ قانون اپنے ہاتھ میں لینے اور بغیر اجازت مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے، ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ عراق میں سیاسی اصلاحات کےتحت بعض ممبران پارلیمنٹ کے ذریعے اسپیکر سلیم الجبوری کو برطرف کر دیئے جانے کے بعد ارکان پارلیمنٹ نے صدر اور وزیراعظم کے استعفے کے مطالبےکو لے کر دھرنا دے رکھا ہے۔

دوسری جانب بغداد کے مختلف علاقوں میں عوام کے مظاہرے بھی جاری ہیں ان مظاہروں کی وجہ سے پچھلےدو روز سے شہر میں معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

ٹیگس