افغانستان: داعش اور طالبان کے اکتالیس دہشتگرد ہلاک
Apr ۲۲, ۲۰۱۶ ۱۱:۵۷ Asia/Tehran
افغانستان کی وزارت دفاع نے دہشت گرد گروہ داعش اور طالبان گروہ کے اکتالیس افراد کی ہلاکت کی خبر دی ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی وزارت دفاع کے پریس دفتر نے اعلان کیا ہے کہ افغانستان کے صوبوں کابل، غزنی، قندھار، بادغیس، بغلان، ہرات، بلخ، جوزجان، فاریاب، قندوز، بدخشان اور ہلمند میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران افغان فوج کی کارروائیوں میں طالبان کے بیس دہشتگرد ہلاک اور بارہ زخمی ہو گئے ہیں۔
اسی طرح صوبہ ننگرہار کے ضلع اچین میں تکفیری گروہ داعش کے دہشت گردوں کے ایک تربیتی مرکز پر ہوائی حملے میں اس گروہ کے ایک سرغنہ سعادت خان سمیت اکیس دہشت گرد ہلاک جبکہ گیارہ زخمی ہو گئے۔ افغانستان وزارت دفاع کے بیان کے مطابق ان کارروائیوں میں دس افغان فوجی بھی مارے گئے۔