سعودی عرب کو انصار اللہ کا انتباہ
یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ نے سعودی عرب کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی پر آل سعود کو خبردار کیا ہے۔
یمنی عوام کی تحریک انصار اللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے کہا ہے کہ ایک ایسے وقت جب یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی عرب کے زمینی اور ہوائی حملے جاری ہیں، جنگ بندی کا اعلان کوئی معنی نہیں رکھتا اور سعودی عرب کو اس کے سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے- انہوں نے کہا کہ ہوائی حملوں کے ساتھ ساتھ امن مذاکرات کا، ماضی کی طرح اس بار بھی کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا-
انصار اللہ کے ترجمان نے کہا کہ یمن میں جنگ بندی کے معاہدے کی پہلی ہی شق میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ فوجی کارروائیاں روک دی جائیں لیکن آل سعود نے اس پر ایک دن بھی عمل نہیں کیا-
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی وساطت سے گذشتہ دس اپریل سے یمن میں جنگ بندی نافذ ہے لیکن سعودی لڑاکا طیاروں نے اس کی کوئی پابندی نہیں کی اور اتوار کو بھی یمن کے مختلف علاقوں پر بمباری کی- اس درمیان مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر سعودی عرب کے ہوائی حملے یونہی جاری رہتے ہیں تو کویت میں جاری امن مذاکرات کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا-