Apr ۲۶, ۲۰۱۶ ۱۲:۳۵ Asia/Tehran
  • یمن کے مذاکراتی وفد کے سربراہ کی یورپی یونین اور سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک کے سفیروں سے ملاقات

یمن کے مذاکراتی وفد کے سربراہ نے یمن میں متعین یورپی یونین اور سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک کے سفیروں سے ملاقات کی ہے۔

المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کویت میں ہونے والے مذاکرات اتوار کی رات سے معطل ہونے کے بعد یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ اور عوامی رضاکار فورس کے مذاکراتی وفد کے سربراہ نے یمن میں یورپی یونین اور سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک کے سفیروں سے ملاقات کی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق اس ملاقات میں مذاکرات میں تعطل آنے اور یمن میں جنگ بندی برقرار رکھنے کے بارے میں اتفاق رائے نہ ہونے کی وجوہات کے بارے میں بات چیت کی گئی۔

یمن کے مذاکراتی وفد نے سعودی عرب کی جانب سے جنگ بندی کی پابندی نہ کرنے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اتوار کی رات مذاکرات روک دیے تھے۔ یمن کی پیپلز کانگریس پارٹی کے ایک رکن نے پیر کے روز کہا کہ ان کی پارٹی اور انصار اللہ تحریک یمن پر سعودی عرب کے ہوائی حملے مکمل طور پر رکنے تک امن مذاکرات میں شرکت نہیں کرے گی۔

یہ امن مذاکرات جمعرات اکیس اپریل کو کئی روز کی تاخیر سے شروع ہوئے تھے لیکن سعودی عرب کے ہوائی حملے جاری رہنے کی وجہ سے ان کے نتیجہ خیز ہونے کے بارے میں شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں۔

ٹیگس