May ۰۸, ۲۰۱۶ ۱۶:۲۷ Asia/Tehran
  • افغانستان میں پولیس اور طالبان کے درمیان جھڑپ میں متعدد طالبان اور پولیس اہلکار ہلاک

افغانستان کے شمالی صوبے تخار میں پولیس اور طالبان کے درمیان جھڑپ میں متعدد طالبان اور پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں

افغانستان کے شمالی صوبے تخار کے پولیس ترجمان عبدالخلیل اسیر نے اعلان کیا ہے کہ صوبہ تخار کے علاقے درقد میں لڑائی کے دوران چھے طالبان ہلاک ہوئے ہیں جبکہ اس لڑائی میں دوافغان پولیس اہلکار بھی مارے گئے ہیں- صوبہ تخار کے پولیس ترجمان نے کہا کہ لڑائی اس وقت شروع ہوئی جب طالبان کے کچھ عناصر نے بشیرخیل چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا - جس کا پولیس نے جواب دیا -

انتیس اپریل کو بھی افغان پولیس نے صوبہ تخار میں طالبان کے بیس افراد کو ہلاک کر دینے کا دعوی کیا تھا - پچھلے کچھ عرصے سے صوبہ تخار میں پولیس اور طالبان کے درمیان وقفے وقفےسے جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے -

ادھر مشرقی صوبے کنڑ سے اطلاعات ہیں کہ قاضی آباد شہر سے طالبان نے پسپائی اختیار کرلی ہے- مشرقی علاقوں میں تعینات افغان فوج کے ترجمان شیرین آغافقیری نے بتایا ہے کہ طالبان نے ہفتے کو قاضی آباد شہر پر چاروں طرف سے حملہ کیا لیکن افغان فوج نے انہیں پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا-

مشرقی علاقوں میں افغان فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس حملے میں طالبان کے پینتالیس افراد ہلاک اور اسّی دیگر زخمی ہو گئے - اس کارروائی میں دو افغان فوجی بھی زخمی ہوئے ہیں -

مشرقی افغانستان میں تعینات افغان فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ قاضی آباد شہر کو طالبان سے پوری طرح آزاد کرالئے جانے تک ان کے خلاف حملے جاری رہیں گے - طالبان نے افغان فوج کے اس بیان پر ابھی تک کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے - ہفتے کو طالبان نے دعوی کیا تھا کہ انہوں نے قاضی آباد شہر پر قبضہ کر لیا ہے -

ٹیگس