May ۱۰, ۲۰۱۶ ۱۸:۵۶ Asia/Tehran
  •  طالبان نے صوبہ ہلمندمیں دوسیکورٹی چیک پوسٹوں پر حملہ کر کے پندرہ افغان پولیس اہلکاروں کوہلاک کردیا

افغانستان کے صوبہ ہلمندمیں دوسیکورٹی چیک پوسٹوں پر حملہ کرکےطالبان نے پندرہ افغان پولیس اہلکاروں کوہلاک کردیا ہے

افغان حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کی دوچیک پوسٹوں پریہ حملہ صوبہ ہلمند کے گرشک اور نادعلی علاقوں میں کیا گیا- صوبہ ہلمند میں ایک صوبائی سیکورٹی عہدیدار نے طالبان کے حملے میں پندرہ پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی صدرمقام لشکرگاہ کے آس پاس صورتحال انتہائی بحرانی ہے - اس درمیان صوبہ ہلمند کی اعلی کونسل کے رکن بشیرشاکر نے کہا ہے کہ طالبان نے گذشتہ چند روز کے دوران لشکرگاہ کے قریب سیکورٹی بیلٹ پرکئی بار حملہ کیاہے - ان کا کہنا تھا کہ طالبان کی طرف سے سیکورٹی کو لاحق خطرہ ہر لمحے بڑھتا جارہاہے اور اگر حکومت نے بروقت کارروائی نہ کی تو صوبائی صدر مقام لشکرگاہ پر طالبان کا قبضہ ہوجائے گا -

دوسری جانب طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے دعوی کیا ہے کہ طالبان کے افرادنے لشکرگاہ کے قریب دوسیکورٹی چیک پوسٹوں پر قبضہ کرلیا ہے - صوبہ ہلمند میں طالبان کا خاصا اثر و رسوخ پایا جاتاہے اور پچھلے چندماہ کے دوران افغان فوج، سیکورٹی فورس اور پولیس اہلکاروں نے مختلف کارروائیاں کر کے طالبان کو ہلمند کے مختلف علاقوں سے پیچھے ہٹنے پرمجبور کیاتھا۔

ٹیگس