May ۱۴, ۲۰۱۶ ۱۵:۲۷ Asia/Tehran
  • سرزمین فلسطین کی مکمل آزادی تک مزاحمت جاری رہے گی: حماس

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی حماس کے سربراہ ڈاکٹر خالد مشعل نے سرزمین فلسطین کی مکمل آزادی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

یوم نکبت یا فلسطین پر اسرائیلی قبضے کی برسی کی مناسبت سے ہونے والے ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حماس کے سربراہ نے کہا کہ پوری سرزمین فلسطینی کی آزادی، فلسطینی کاز کا بنیادی اصول ہے اگرچہ اس پر قبضہ کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ فلسطینی کاز کی تکمیل کو سرزمین فلسطین کے کسی خاص حصے تک محدود کرنے کا حق کسی کو حاصل نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فلسطین پر قبضہ اور صیہونی بستیوں کی تعمیر کسی طور قانونی نہیں ہو سکتی اور کسی کو بھی فلسطینیوں کے حقوق پامال کرنے کا حق نہیں ہے۔

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ انیس سو اڑتالیس کے مقبوضہ علاقوں کے ہزاروں فلسطینیوں نے صحرائے نقب میں مظاہرہ کر کے اپنے آبائی علاقوں میں سکونت کا حق دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایسے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینیوں کی وطن واپسی کے حق کی حمایت میں نعرے درج تھے۔ صحرائے نقب میں ہونے والے یہ مظاہرے اپنی نوعیت کے ایسے پہلے مظاہرے ہیں۔

مقبوضہ اور آزاد فلسطینی علاقوں میں یوم نکبت کی موقع پر یہ مظاہرے مختلف فلسطینی تنظیموں کی اپیل پر کیے جا رہے ہیں۔ فلسطینی تنظیموں نے یوم نکبت کے موقع پر پوری سرزمین فلسطین میں مظاہروں کی اپیل کی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ فلسطینی عوام ہر سال پندرہ مئی کو سرزمین فلسطین پر ناجائز قبضے اور اسرائیل کی غیر قانونی حکومت کے قیام کی برسی کے موقع پر مظاہرے کرتے ہیں۔

ٹیگس