May ۱۴, ۲۰۱۶ ۲۱:۱۶ Asia/Tehran
  • دہشت گردوں کے حامی ملکوں کو فی الفور سزا دی جائے: عالمی برادری سے شام کی اپیل

شام نے عالمی برادری سے دہشت گردوں کے حامی ملکوں کو فی الفور سزا دینے کی اپیل کی ہے۔

شام کی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے چیئرمین کے نام دو الگ الگ مراسلوں میں اپیل کی ہے کہ حماہ شہر کے زارہ ٹاؤن میں دہشت گردوں کے حالیہ جرائم کی مذمت کی جائے۔ شام کی حکومت نے دونوں عالمی اداروں سے دہشت گردوں کے حامی ملکوں کو فوری سزا دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

ان مراسلوں میں کہا گیا ہے کہ شام میں دہشت گردوں کے مجرمانہ اقدامات، سعودی عرب، ترکی اور قطر کی انتہا پسند اور متعصب حکومتوں کی براہ راست ہدایت پر انجام پا رہے ہیں جن کا مقصد شام میں قیام امن کے راستے میں روڑے اٹکانا اور جنیوا مذاکرات کو ناکام بنانا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ہفتے جمعرات کے روز دہشت گردوں نے شام کے شمال مغربی شہر حماہ کے نواحی میں واقع زارہ ٹاؤن میں گھس کر لوگوں کا قتل عام کیا تھا۔ دہشت گرد متعدد خواتین اور بچوں کو اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔

شام کو سنہ دو ہزار گیارہ سے مختلف گروہوں کی دہشت گردی کا سامنا ہے جس کے نتیجے میں کئی لاکھ افراد مارے جا چکے ہیں۔ شام کی حکومت کا کہنا ہے کہ دہشت گرد گروہوں کو امریکہ، سعودی عرب، ترکی اور قطر کی حمایت حاصل ہے۔

ٹیگس