بحرینی علماء کی جانب سے آل خلیفہ حکومت کی پالیسیوں کی شدید مذمت
بحرینی علماء نے آل خلیفہ حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کی ایک بار پھر مذمت کی ہے۔
مرآت البحرین نیوز ویب سائٹ نےخبر دی ہے کہ بحرینی علماء نے اپنے ایک بیان میں آل خلیفہ حکومت کی تشدد آمیز اور ظالمانہ پالیسیوں کے جاری رہنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحرین ظلم و ستم، آزادی کو کچلنے اور قوم کے حقوق کو سلب کرنے جیسے راستے پر آگے بڑھ رہا ہے-
بحرینی علماء کے بیان میں کہا گیا ہے کہ آل خلیفہ حکومت نے مذہبی آزادی کو کچل کر اب سیاسی آزادی کو بھی کچلنا شروع کر دیا ہے-
بحرینی علما نے آل خلیفہ حکومت کے اس تازہ فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے جس میں علما پر سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، کہا کہ یہ فیصلہ جمہوریت اور انسانی اقدار کے منافی ہے کہ بحرینی حکومت حالات کو اس طرح بنا دینے کی کوشش کر رہی ہے کہ پوری قوم آل خلیفہ کی بے دام غلام ہے -
بحرینی علما نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ علما چونکہ مذہبی اور سیاسی امور سے پوری طرح آگاہی رکھتے ہیں اس لئے ان کی آواز کو خاموش کر دینا بحرینی عوام پر بڑا ظلم ہے-
بیان میں کہا گیا ہے کہ آل خلیفہ حکومت کا فیصلہ ملک کے آئین اور بین الاقوامی اصولوں کے خلاف ہے جس کی کوئی قانونی حیثیت بھی نہیں ہے۔