May ۱۵, ۲۰۱۶ ۲۰:۰۳ Asia/Tehran
  • مصر: دو جزیرے سعودی عرب کو دینے کی مخالفت، ایک سو باون افراد کو قید کی سزا

مصر کی ایک عدالت نے مصری حکومت کی جانب سے دو جزیرے سعودی عرب کے حوالے کر دئے جانے کی مخالفت کرنے والے ایک سو باون مظاہرین کو دو سے پانچ سال قید کی سزا سنائی ہے۔

مصر کے فوجی صدر عبدالفتاح السیسی نے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان کے دورہ مصر کے موقع پر بحیرہ احمر میں مصر کے دو جزیروں تیران اور صنافیر کو سعودی عرب کے حوالے کر دیا، جس پر مصری عوام نے شدید برہمی کا اظہار کیاہے- مصری حکومت کے اس فیصلے کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے-

مصری حکومت کی سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے عبدالفتاح السیسی کے اس فیصلے کے خلاف ہونے والے مظاہروں میں شریک بہت سے لوگوں کو گرفتار کر لیا ہے- مصر میں مختلف تنظیموں اور گروہوں نے فوجی صدر عبدالفتاح السیسی کے اس فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصر کو فروخت نہیں کیا جا سکتا اور ہم اس فیصلے کے خلاف اپنا احتجاج جاری رکھیں گے-

عدالت کے اس فیصلے کے بعد مصر میں انسانی حقوق کے کارکنوں نے کہا ہے کہ انہیں اس فیصلے پر سخت حیرت ہوئی ہے-

دوسری جانب مصری حکومت نے اعلان کیا ہے کہ دو جزیروں کو سعودی عرب کے حوالے کئے جانے کے خلاف کوئی بھی مظاہرہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور مظاہرے میں شریک لوگوں کے خلاف کارروائی جائے گی۔

ٹیگس