بحرینی عوام کے مظاہرے
بحرینی عوام نے اپنے ملک کے سیاسی قیدیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے مظاہرے کئے۔
العہد ویب سائٹ کے مطابق بحرینی عوام نے اپنے ملک کی آل خلیفہ حکومت کی جیلوں میں بند سیاسی قیدیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے مختلف شہروں میں مظاہرے کئے۔
مظاہرین نے آل خلیفہ حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے تاکید کے ساتھ اعلان کیا کہ بحرین میں سیاسی قیدیوں کو رہا کرانے کے لئے کوششیں اور جدوجہد جاری رہے گی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بحرین میں عوامی مظاہروں کی سرکوبی، عام شہریوں کو زبردستی جیلوں میں بند کرنے، سیاسی رہنماؤں اور عوام کے خلاف مختلف بہانوں سے نمائشی عدالتوں کی کارروائیوں کو بند کیا جائے اور سیاسی رہنماؤں اور تمام سیاسی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
بحرین کی آل خلیفہ حکومت نے دو ہزار پندرہ میں ایک ہزار، سات سو، پینسٹھ افراد کو گرفتار کیا جن میں ایک سو بیس بچّے اور بائیس عورتیں شامل ہیں جبکہ آٹھ سو انتیس افراد کو ان کے گھروں میں زبر دستی داخل ہو کر گرفتار کیا گیا۔
واضح رہے کہ بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے آل خلیفہ حکومت کے خلاف عوام کے پرامن مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ بحرینی عوام اپنے ملک میں سیاہسی اصلاحات اور جمہوریت کا مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ آل خلیفہ حکومت کی سیکورٹی فورسز، سعودی فوجیوں کی مدد سے بحرینی عوام کے پرامن مظاہروں کو وحشیانہ طریقے سے تشدد کا نشانہ بنا رہی ہیں۔