لیبیا: سرت شہر دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے آزاد
لیبیا کی متحدہ قومی حکومت کی فورسز نے کہا ہے کہ ساحلی شہر سرت کو دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا گیا ہے۔
لیبیا کی فورسز نے جمعے کے دن شدید لڑائی کے بعد اس شہر کو آزاد کرایا۔ لیبیا کی بحریہ نے بھی اس شہر کی آزادی سے پہلے ہی سرت کے ساحل پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔ لیبیا کی بحریہ کے کمانڈر رضا عیسی نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہماری فورس نے سرت کے سارے ساحل پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور داعشی عناصر سمندر کے راستے فرار نہیں ہو سکتے ہیں۔
جمعےکے دن کئے جانے والے آپریشن میں لیبیا کی متحدہ قومی حکومت کے گیارہ سیکورٹی اہلکار جاں بحق اور پینتیس زخمی ہوئے۔ سرت شہر کو آزاد کرانے کے لئے مئی کے اوائل میں آپریشن شروع کیا گیا تھا اور اس آپریشن میں متحدہ قومی حکومت کی سیکورٹی فورسز کے ایک سو سے زیادہ اہلکار جاں بحق اور تقریبا پانچ سو زخمی ہوئے۔