منصور ہادی کے وزرا عدن سے اردن فرار کر گئے
یمن کے جنوبی شہر عدن میں عوامی مظاہروں کے بعد مفرور صدر منصور ہادی کے متعدد نام نہاد وزرا ملک سے فرار کر گئے ہیں۔
المسیرہ ٹیلی ویژن چینل نے خبر دی ہے کہ عدن میں مفرور صدر منصور ہادی کے خلاف عوامی مظاہرے کے بعد منصور ہادی کی نام نہاد کابینہ کے کئی وزرا اردن فرار کر گئے ہیں-
واضح رہے کہ بدھ کو یمن کے جنوبی شہرعدن میں بڑی تعداد میں لوگوں نے سڑکوں پرنکل کر ابتر معاشی صورتحال اور شہر میں پانی و بجلی کے فقدان پراپنی شدید برہمی کا اظہار اور موجودہ ابتر صورتحال کا ذمہ دار منصور ہادی کو قرار دیا-
عدن کے باشندوں نے، جنھیں شہر میں سرگرم سعودی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی طرف سےسیکورٹی کے بھی شدید مسائل کا سامنا ہے، منصور ہادی کے وزرا کے ملک سے چلے جانے کا مطالبہ کیا تھا-
مظاہرین نے منصور ہادی کے مقرر کردہ نام نہاد وزیراعظم احمد عبیدبن دغر اور کئی دیگر وزیروں کی تصویروں کو بھی نذرآتش کر دیا-
مظاہرین کا کہنا تھاکہ جب تک منصور ہادی کے سبھی وزرا عدن سے چلے نہیں جاتے اس وقت تک وہ اپنا مظاہرہ جاری رکھیں گے۔