موصل کے جنوب میں فوجی کارروائیوں کا آغاز
عراقی فوج نے موصل کے جنوب میں نیا آپریشن شروع کر دیا ہے
فلوجہ شہر کے مرکز کی آزادی کے بعد عراقی فوج نے ہفتے کی صبح سے صوبہ صلاح الدین کے شمال اور صوبہ نینوا کے صدر مقام موصل کے جنوب میں بیک وقت آپریشن شروع کر دیا ہے - یہ تازہ آپریشن صوبہ صلاح الدین کے انتہائی شمالی علاقے الشرقاط اور موصل کے جنوب میں واقع القیارہ فضائی چھاؤنی کی آزادی کے لئے شروع ہوا ہے-
اسٹریٹیجک اعتبار سے الشرقاط اور القیارہ کی آزادی بہت ہی اہمیت کی حامل ہے - اس سے پہلے عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری نے بھی اعلان کیا تھا کہ فلوجہ شہر کی مکمل آزادی کے بعد صوبہ نینوا کو آزاد کرانے کی کارروائی شروع کر دی جائے گی -
یہ تازہ آپریشن ایک ایسے وقت شروع ہوا ہے جب عراقی افواج نے صوبہ الانبار کے شہر فلوجہ کے مرکزی علاقے کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے -
عراق کے فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ عراقی فوج القیارہ کو آزاد کرانے کے بعد داعش کے اصلی گڑھ موصل کو آزاد کرانے کی کارروائیاں شروع کرے گی اور موصل کی آزادی کے بعد عراق میں داعش کا کام تمام ہوجائے گا -