غیرملکی شہریوں کے لئے افغان وزارت داخلہ کی سفارش
افغانستان کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ اس ملک میں مقیم غیرملکی شہری مسلح محافظ کے بغیر اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں
افغان وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ غیرملکی باشندے بھی اس وقت دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں اس لئے اب اس کے بعد وہ اپنے گھروں سے محافظ کے بغیر باہر نہ نکلیں -
کابل پولیس کے سی آئی ڈی کے سربراہ فریدون عبیدی نے اعلان کیا ہے کہ افغانستان میں مقیم غیر ملکی شہریوں کو اغوا کئے جانے اور ان پر حملے کا خطرہ بہت زیادہ بڑھ گیاہے - ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی شہری خاص طور پر دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں -
کابل پولیس نے اس سے پہلے بھی کابل میں مقیم غیر ملکی شہریوں کے گھروں اور دفاتر میں خط ارسال کر کے ان سے کہا تھا کہ اگر وہ ضرورت محسوس کرتے ہیں تو گھر سے باہر نکلتے وقت ان کی سیکورٹی کے لئے مسلح محافظ اور پولیس اہلکار ان کے ساتھ روانہ کئے جائیں گے۔
پچھلے دنوں کابل میں غیر ملکی شہریوں کے اغوا کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے- دوہفتے قبل ایک ہندوستانی خاتون کو جو آغاخان نامی ایک ادارے میں کام کرتی تھی نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کرلیا تھا اور اب تک اس کا کوئی پتہ نہیں ہے-
اغوکنندگان کابل میں غیر ملکی شہریوں کو اغوا کرنے کے بعد انہیں دوسرے شہروں میں منتقل کر دیتے ہیں اور پھر بھاری تاوان کا مطالبہ کرتے ہیں جو افغان اورغیرملکی شہریوں دونوں کے لئے سخت تشویش کا باعث ہے -