بحرینی حکومت کو ڈاکٹر لاریجانی کا انتباہ
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے خبردار کیا ہے کہ بحرین میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شان میں گستاخی اس ملک کے بحران کے پر امن حل کی تمام راہیں مسدود کردے گی۔
اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے منگل کو پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کرنے کا اعلان اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ اب آل خلیفہ حکومت اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ آل خلیفہ حکومت نے پیر کے روز جو اقدام کیا ہے اس کے انسانیت دشمن اقدامات میں ایک نئے باب کا اضافہ ہوا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایسے عالم میں جب دنیا کی توجہ اس خطے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ پر مرکوز ہے، پیر کو بحرین کے بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کئے جانے کی خبر ملی ۔ انھوں نے کہا کہ اگر بحرین کی شاہی حکومت یہ سمجھ رہی ہے کہ اس عظیم ہستی کی شہریت منسوخ کرکے وہ ملک کے سیاسی بحران کو حل کرسکے گی تو یہ اس کی خام خیالی ہے-
انھوں نے کہا کہ آل خلیفہ حکومت نے بحرین میں مغرب کے فوجی اڈے کے زیر تسلط اور ایک عرب ملک کے ٹینکوں کے سائے میں حریت پسندوں کی پر امن تحریک کی وحشیانہ سرکوبی کی اور جمہوریت کا مطالبہ کرنے والوں سے جیلیں بھردیں ۔
واضح رہے کہ بحرین کی آل خلیفہ حکومت نے پیر کے روز اپنے ملک کے معروف مسلمان عالم دین کی شہریت ختم کردی ہے-