Jun ۲۲, ۲۰۱۶ ۱۳:۲۲ Asia/Tehran
  • لیبیاء: سرت کے اہم علاقے کو داعش دہشت گرد گروہ کے قبضے سے آزاد کرا لیا گیا

لیبیاء کے فوجیوں نے داعش دہشت گرد گروہ کے ساتھ ہونے والی شدید جھڑپوں کے بعد شہر سرت میں الدشم علاقے کو آزاد کرا لیا۔

ہمارے نمائندے نے رپورٹ دی ہے کہ البنیان المرصوص نامی لیبیاء کی سیکورٹی فورسز نے شہر سرت میں الدشم کے علاقے میں ہونے والی شدید جھڑپوں کے بعد اس علاقے کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔ الدشم، شہرسرت کا وہ اہم علاقہ ہے جہاں ہتھیاروں کا گودام ہے۔

البنیان المرصوص فورسز نے اس علاقے میں دھماکہ خیز مواد کی حامل بیلٹ اور جیکٹوں کا بھی پتہ لگا کر انھیں ضبط کر لیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ علاقے میں داعشی دہشت گردوں کی لاشیں بکھری پڑی ہیں۔ اس دہشت گرد گروہ نے الدشم کے علاقے میں بارودی سرنگیں بھی بچھا رکھی ہیں۔

ہسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں لیبیاء کے چھتّیس سیکورٹی اہلکار بھی مارے گئے ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ شہر سرت میں تین اطراف سے سیکورٹی اہلکاروں کی پیش قدمی جاری ہے اور یہ سیکورٹی اہلکار، واگادوگو میں داعش دہشت گرد گروہ کے ٹھکانوں سے ایک کلو میٹر کے فاصلے تک پہنچ چکے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ الدشم کی آزادی، شہرسرت میں لیبیاء کے سیکیورٹی اہلکاروں کی ایک بڑی کامیابی شمار ہوتی ہے۔

ٹیگس