Jun ۲۲, ۲۰۱۶ ۱۶:۱۴ Asia/Tehran
  • بحرینی رہنماؤں کی شہریت سلب کرنے کا حکم سعودی بادشاہ نے دیا ہے

سعودی عرب کے بادشاہ ملک سلمان نے شاہ بحرین کے نام ایک خط میں شیعہ رہنماؤں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔

العالم ٹیلی ویژن کے مطابق، حال ہی میں منظرعام پر آنے والے ایک خط میں سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ سے کہا تھا کہ وہ شیعیان بحرین کے رہنما آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے خلاف کارروائی کریں۔

یہ خط آیت اللہ عیسی قاسم کی شہریت سلب کیے جانے سے محض چند روز قبل چودہ جون کو لکھا گیا تھا اور بحرین کی شاہی حکومت نے بیس جون کو ان کی شہریت سلب کرنے کا حکم جاری کر دیا-

اس خط میں بحرین اور مشرقی سعودی عرب کے شیعہ مسلمانوں کے احتجاج اور مظاہروں پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔

سعودی عرب کے بادشاہ نے اپنے اس خط میں بحرین کی شاہی حکومت کو یقین دلایا ہے کہ سعودی حکومت، بقول ان کے، دونوں ملکوں کی سلامتی اور استحکام کے لیے کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کرے گی۔

قابل ذکر ہے کہ سعودی حکومت نے بحرینی عوام کی پرامن جمہوری تحریک کو دبانے کے لیے اپنے ہزاروں فوجی، مارچ دوہزار گیارہ میں بحرین روانہ کیے تھے۔

بحرین کے عوام فروری دوہزار گیارہ سے سعودی عرب کی حمایت یافتہ شاہی حکومت کے خلاف پرامن مظاہرے کر رہے ہیں۔

بحرین کی شاہی حکومت عوام کے مطالبات پر توجہ دینے کے بجائے سعودی عرب کے فوجیوں کے ساتھ مل کر عوامی تحریک دبانے کی کوشش کر رہی ہے جس کے دوران درجنوں افراد شہید اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں، اوربڑی تعداد میں لوگوں کو گرفتار کرکے جیلوں میں بند کردیا گیا ہے۔

ٹیگس