Jun ۲۳, ۲۰۱۶ ۱۸:۳۷ Asia/Tehran
  • بحرین کی شاہی حکومت کے اقدامات کے خلاف ملک  گیر مظاہرے

بحرین میں شاہی حکومت کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

اطلاعات کے مطابق بحرین کے معروف مذہبی رہنما آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت سلب کئے جانے کے شاہی حکومت کے فرمان کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں شدت آتی جارہی ہے۔

بحرین الیوم نے جمعرات کے روز اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کئے جانے کے شاہی حکومت کے ظالمانہ اقدام کے خلاف ملک کے مختلف شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں لوگوں نے وسیع پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کئے ہیں۔

مظاہرے میں شریک لوگوں کا کہنا تھا کہ ملک کی موجودہ صورتحال کی ساری ذمہ داری شاہی حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے۔

درایں اثنا بحرینی علما کی ایک بڑی تعداد نے منامہ میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی قیام گاہ کے سامنے بھی ایک بڑے اجتماع میں شرکت کی اور کہا کہ وہ ہرگز شاہی حکومت کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکیں گے۔

ادھر بتایا جاتا ہے کہ آل خلیفہ کے شاہی دربار سے وابستہ فوجیوں نے " سہلا" اور "بلاد القدیم" جیسے متعدد مقامات پر ہونے والے احتجاجی مظاہروں کو شدت کے ساتھ کچل دیا ہے۔

واضح رہے کہ بحرین پر حکمراں خاندان " آل خلیفہ" نے اپنے غیر انسانی اقدامات کے تحت آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے، کہ جس پرعلاقائی اور عالمی سطح پر سخت رد عمل دیکھنے میں آیا ہے۔

ٹیگس