Jun ۲۷, ۲۰۱۶ ۱۱:۱۷ Asia/Tehran
  • لیبیاء: داعش کی جانب سے سرت میں عام شہریوں کا انسانی ڈھال کے طور پر استعمال

لیبیاء کی وفاقی قومی حکومت کے سربراہ نے کہا ہے کہ سرت میں داعش دہشت گرد گروہ، عام شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔

لیبیاء کی وفاقی قومی حکومت کے سربراہ فائز السراج نے اتوار کو فرانس پریس سے گفتگو میں سرت میں سست رفتار فوجی پیش قدمی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ سرت میں داعش دہشت گرد گروہ، عام شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پراستعمال کر رہا ہے جس کی بناء پر اس علاقے میں تیزی کے ساتھ فوجی قدمی میں مسائل کا سامنا ہے۔

انھوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ لیبیاء میں صرف متحدہ فوجی کمان کے نتیجے میں داعش دہشت گرد گروہ کو شکست ہو سکتی ہے، امید ظاہر کی کہ داعش دہشت گرد گروہ کو ایک محدود علاقے میں محصور کر کے مکمل کامیابی حاصل کر لی جائے گی۔

لیبیاء کے وزیراعظم نے متحدہ فوجی کمان کو، کہ جس کے پرچم تلے لیبیاء کے تمام شہری جمع ہو سکیں، دہشت گردی کے خطرات کے مقابلے کی واحد راہ قرار دیا۔

واضح رہے کہ لیبیاء میں فائزالسراج کی زیر قیادت وفاقی قومی حکومت سے وابستہ افواج نے شہر سرت کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے گذشتہ مئی میں وسیع پیمانے پر فوجی آپریشن شروع کیا ہے۔ اس شہر پر داعشی دہشت گردوں نے گذشتہ ایک سال سے قبضہ کر رکھا ہے۔

ٹیگس