Jun ۲۸, ۲۰۱۶ ۱۶:۵۲ Asia/Tehran
  • بحرینی رہنما کی شہریت منسوخ کئے جانے کے خلاف دھرنا اور مظاہرے جاری

بحرین میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے سامنے ہزاروں افراد کا دھرنا اور مظاہرہ بدستور جاری ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کئے جانے کے خلاف دارالحکومت منامہ کے علاقے الدراز میں روزہ دار بحرینی عوام کا احتجاجی دھرنا اور مظاہرہ آٹھویں دن بھی جاری رہا ۔

ہزاروں بحرینی عوام نے منامہ کے علاقے الدراز میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے سامنے دھرنا اور مظاہرہ ایسی حالت میں جاری رکھا ہے کہ بحرین کی شاہی حکومت کے کارندوں نے اطراف کی ساری سڑکیں بند کردی ہیں ۔

اس درمیان بحرین کے سیکورٹی اہلکاروں نے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کی طرف جانے والے بہت سے افراد کو گرفتار بھی کرلیا ہے جن میں جمیعت الوفاق کی مرکزی کونسل کے ایک رکن مہدی العکری بھی شامل ہیں۔

اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جمیعت الوفاق کی مرکزی کونسل کے رکن مہدی العکری کچھ لوگوں کے ساتھ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے سامنے جاری دھرنے میں شرکت کے لئے جا رہے تھے کہ آل خلیفہ حکومت کے سیکورٹی کارندوں نے انہیں گرفتار کرلیا ۔

العالم کی رپورٹرزینب الکرشت نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کئے جانے کے خلاف الدراز میں ہزاروں بحرینی عوام کا وسیع احتجاجی دھرنا دوسرے ہفتے میں داخل ہوگیا ہے ۔

اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے سامنے اجتجاجی دھرنے پر بیٹھے روزہ دار مسلمانوں کا کہنا ہے کہ جب تک آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت کی منسوخی کا فرمان واپس نہیں لیا جاتا ان کا یہ دھرنا جاری رہے گا۔ بحرین کے روزہ دار مسلمانوں نے امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کے یوم شہادت کی عزاداری بھی آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے سامنے بر پا کی ۔

رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ آل خلیفہ حکومت نے، الدراز کے علاقے میں جہاں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کا گھر ہے اور لوگ دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں، انٹرنیٹ سروس منقطع کردی ہے تاکہ اس کے کارندوں کے وحشیانہ اقدامات کی خبر سوشل میڈیاپر نشر نہ ہوسکے۔

دوسری جانب بحرین کے دوسرے علاقوں میں بھی آل خلیفہ حکومت کے خلاف عوام کے مظاہرے جاری ہیں۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ سترہ، الدیر، المالیکیہ ، المصلی اور نویدرات سمیت پورے ملک میں شاہی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں ۔ بعض علاقوں میں شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے مظاہرین پر حملے بھی کئے ہیں ۔

اس رپورٹ کے مطابق نویدرات میں شاہی کارندوں نے شہریوں کے گھروں پر بھی حملے کئے ہیں ۔

بحرین سے ملنے والی ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بحرین کی ظالم شاہی حکومت کے کارندوں نے ایک خاتون کے گھر پر حملہ کرکے اس کے الیکٹرونک وسائل کو ضبط اور خود اس خاتون کو گرفتار کرلیا ہے۔

 

ٹیگس