غرب اردن میں مسجد الاقصی کی حمایت میں مظاہرے
فلسطینی مسلمانوں نے غرب اردن کے مختلف علاقوں میں مسجد الاقصی کی حمایت میں مظاہرے کئے ہیں۔
مسجد الاقصی اور فلسطینی قیدیوں کی حمایت میں ہونے والے ان مظاہروں کی اپیل جہاد اسلامی فلسطین نے کی تھی۔ غرب اردن میں واقع جنین کیمپ میں ہونے والے ایک بڑے صیہونیت مخالف مظاہرے میں شریک لوگ، تحریک انتفاضہ کی حمایت میں بھی نعرے لگا رہے تھے۔
دوسری جانب جہاد اسلامی فلسطین کے رہنما شیخ خضرعدنان نے کہا کہ ان مظاہروں کا مقصد مسجد الاقصی اور فلسطینی قیدیوں سے اظہار یکجہتی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ایک بار پھر رمضان المبارک کے تقدس کو پامال کر کے فلسطینیوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ اسرائیل کو جان لینا چاہئے کہ مسجد الاقصی ہماری ریڈ لائن ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پـچھلے چند روز کے دوران صیہونی آباد کاروں نے کئی بار مسجد الاقصی کی بے حرمتی کرتے ہوئے اس میں داخل ہونے کی کوشش کی ہے جس پر فلسطینیوں نے سخت احتجاج کیا ہے۔ اس موقع پر صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔