بحرینی عوام کا احتجاجی دھرنا اور الدراز علاقے کا محاصرہ
بحرین کے بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں ان کے گھر کے باہر دس روز سے جاری دھرنے کے بعد آل خلیفہ حکومت نے الدراز علاقے کی طرف جانے والے سبھی راستوں کو بند کر دیا۔
العہد نیوز ویب سائٹ نے خبر دی ہے کہ بحرین کے بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت اور ان سے اظہار یکجہتی کے لئے بحرینی شہریوں کا دھرنا پچھلے دس روز سے جاری ہے- اس دوران بحرینی حکومت نے الدراز علاقے کی طرف جانے والی سبھی سڑکوں اور گلیوں کو بند کر دیا ہے-
منامہ کے علاقے الدراز میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے باہر دھرنے پر بیٹھے لوگ مطالبہ کر رہے ہیں کہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کئے جانے کا فیصلہ واپس لیا جائے- دھرنے پر بیٹھے بحرینی شہریوں کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ ملک کی اکثریتی شیعہ آبادی کے خلاف تفریق آمیز اقدامات بند کئے جائیں اور لوگوں کی شہریت منسوخ کئے جانے کا سلسلہ بھی ختم کیا جائے-
بحرین میں سیاسی کارکنوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ حکومت نے الدراز جانے والے سبھی راستوں کو بند کر دیا ہے لیکن اس کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں لوگ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم سے اظہار یکجہتی کے لئے ان کے گھر کے باہر دھرنے کے مقام پر پہنچ گئے ہیں-
اس درمیان آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے واضح کر دیا ہے کہ وہ بحرین سے باہر نہیں جائیں گے-
دوسری جانب بحرین کے مختلف علاقوں میں آل خلیفہ حکومت کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف اور آیت اللہ شیخ عیسی قاسم اور جیل میں بند دیگر علما اور سیاسی کارکنوں کی حمایت میں عوام کے پرامن مظاہرے جاری ہیں-