شمالی عراق میں داعش کے دہشت گردانہ منصوبے ناکام
عراقی سیکورٹی فورسز نے شمالی علاقے میں داعش کے دہشت گردانہ حملوں کو ناکام بنا دیا۔
المیادین ٹیلی ویژن چینل نے خبر دی ہے کہ عراقی سیکورٹی اہلکاروں نے شمالی صوبے صلاح الدین کے شہر تکریت میں داعش کے بیک وقت سات دہشت گردانہ حملوں کو ناکام بنا دیا- داعش ان حملوں کے ذریعے تکریت میں متعدد رہائشی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچانا چاہتا تھا-
ادھر صوبہ الانبار کی آپریشنل کمان نے خبردی ہے کہ الرمادی کے مشرق میں واقع الخالدیہ کے علاقے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کی کارروائیاں شروع ہو گئی ہیں-
سومریہ نیوز ایجنسی کے مطابق الخالدیہ کے آزاد ہو جانے کے بعد بغداد - الرمادی شاہراہ فلوجہ تک پوری طرح کھل جائے گی-
واضح رہے کہ عراقی افواج، داعش کے قبضے سے اب تک متعدد اہم شہروں منمجلہ تکریت، الرمادی اور فلوجہ کو آزاد کرا چکی ہیں اور اب وہ داعش کے گڑھ موصل کو آزاد کرانے کی باقاعدہ کارروائیوں کی تیاری کر رہی ہیں-