سید عباس عراقچی: صیہونی حکومت کی سرگرمیاں پورے علاقے کے لئے بے حد خطرناک
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کیریبیئن اور لاطینی امریکہ میں صیہونی حکومت کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے اسے اس علاقے کے امن و استحکام کے لئے بڑا خطرہ قرار دیا ہے-
سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے وینزویلا کے وزیر خارجہ کے ساتھ ٹیلی فونی بات چیت میں دو طرفہ تعلقات اور کیریبین خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ونزوئلا کے اپنے ہم منصب ایوان خیل پینتو کے ساتھ ٹیلفونی گفتگو میں کیریبیئن اور لاطینی امریکہ کے خطے میں صیہونی حکومت کی روز افزوں سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے اسے اس علاقے کے امن و استحکام کے لئے بڑا خطرہ قرار دیا اور جارح صیہونی حکام کے خلاف، نسل کشی اور دیگر مظالم کا مرتکب ہونے کے سبب معین کی گئی سزاؤں اور وارنٹ گرفتاری کے تعلق سے تمام ملکوں کی ذمہ داریوں پر تاکید کی-
اس ٹیلیفونی گفتگو میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور تکنیکی امور سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات اور تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے دوطرفہ اور کثیر جہتی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ جنوب جنوب تعاون کی شکل میں باہمی تعاون کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
وینزویلا کے وزیر خارجہ نے بھی اسلامی جمہوریہ ایران کے اصولی مواقف کو سراہتے ہوئے تہران اور کاراکاس کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت، اور غیر قانونی امریکی دباؤ اور مداخلتوں کے خلاف وینزویلا کی قوم اور حکومت کی استقامت اور مزاحمت پر زور دیا۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok