بحرین کی تحریک حق کی عوام سے مظاہرے کی اپیل
بحرین کی تحریک حق نے اس ملک کے عوام سے مظاہروں کی اپیل کی ہے-
العالم چینل کی رپورٹ کے مطابق بحرین میں تحریک حق نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عوام کی اکثریت کے خلاف آل خلیفہ کے امتیازی سلوک کی پالیسیوں پر اپنے غم و غصے کے اظہار کرنے کے لئے جمعے کو ملک کے تمام شہروں میں احتجاجی مظاہرے کریں-
اس رپورٹ کے مطابق بحرین کے جید عالم دین آیۃ اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے سامنے پندرھویں روز بھی عوام کا اجتجاجی دھرنا جاری رہا- دھرنا دینے والوں نے عید فطر کی نماز بھی اس مجاہد عالم دین کے گھر کے سامنے ہی انجام دی - واضح رہے کہ حکومت بحرین نے بیس جون کو ملک کی اکثریتی شیعہ آبادی کے مذہبی رہنما آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا-
منامہ کے نواحی علاقے الدراز میں جاری دھرنے کے شرکاء، آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کئے جانے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے باہر دھرنے پر بیٹھے لوگوں نے شاہی حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے خلاف کسی بھی قسم کے اقدامات کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ الدراز کے علاقے میں دھرنا اور شاہی حکومت کے خلاف احتجاج کا سلسلہ بیس جون سے جاری ہے۔ احتجاج کرنے والوں نے بحرین میں حالیہ دنوں میں رونما ہونے والے واقعات کے سلسلے میں مغرب کے مواقف کی مذمت کی ہے-
واضح رہے کہ بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے سعودی عرب کی حمایت یافتہ شاہی حکومت کے خلاف عوامی تحریک جاری ہے۔ اس ملک کے عوام خاندانی آمریت کے بجائے مکمل جمہوری حکومت کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔