بحرینی شہریوں کا احتجاجی دھرنا جاری
آل خلیفہ حکومت کے ذریعے بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کر دئے جانے کے خلاف بحرینی شہریوں کا احتجاجی دھرنا بدستور جاری ہے۔
العالم نے خبر دی ہے کہ سیکڑوں کی تعداد میں بحرینی شہری الدراز میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے باہر ان سے اظہار یکجہتی اور حکومتی اقدامات کے خلاف احتجاج کرنے کے لئے پچھلے پچیس روز سےدھرنے پر بیٹھے ہیں- دھرنے پر بیٹھے لوگوں کا مطالبہ ہے کہ آل خلیفہ حکومت بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کرنے کے اپنے فیصلے کو واپس لے-
اس درمیان بحرین سے اطلاعات ہیں کہ مختلف علاقوں میں بحرینی شہریوں نے آل خلیفہ حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں اور اقدامات کے خلاف مظاہرے کئے ہیں- اس سے پہلے چودہ فروری نامی انقلابی تنظیموں کے اتحاد نے الدراز کی مسجد امام صادق علیہ السلام میں نماز جمعہ ادا کرنے اور الدراز کے الفدا اسکوائر کی جانب مارچ کی کال دی تھی-
انقلابی تنظیموں کے اتحاد نے اعلان کیا تھا کہ الدراز میں نماز جمعہ کے بعد مظاہرے کا مقصد اس علاقے کا محاصرہ توڑنا ہے-
واضح رہے کہ آل خلیفہ حکومت کے کارندوں نے الدراز میں لوگوں کے اجتماع کو روکنے کے لئے اس علاقے کا محاصرہ کر رکھا ہے- یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم ہی الدراز کی مسجد امام صادق علیہ السلام میں نمازجمعہ کی امامت کرتے تھے-