Jul ۱۷, ۲۰۱۶ ۱۸:۰۳ Asia/Tehran
  • لیبیا میں داعش کے خلاف آپریشن

لیبیا کے شہر سرت میں قومی وفاق کی حکومت کے فوجیوں اور داعش کے درمیان جنگ میں شدت آ گئی ہے۔

لیبیا کے خبری ذرائع کے حوالے سے ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہر سرت کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے قومی وفاق کی حکومت کے فوجیوں کا آپریشن جاری ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق لیبیا کے فوجی شہر سرت کے مرکز تک پہنچ گئے ہیں اور دہشت گردوں کے ساتھ ان کی لڑائی میں شدت آ گئ ہے ۔

دوسری طرف سرت میں مصراتہ فوج کے ترجمان رضا عیسی نے اتوار کو بتایا ہے کہ شہرسرت کے مختلف علاقوں میں داعش کی بچھائی ہوئی بارودی سرنگوں کی وجہ سے سرکاری فوجی دستوں کی پیشرفت رک گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ قومی وفاق کی حکومت کے فوجیوں نے شہر سرت کے مرکزی علاقے اور جیزہ العسکریہ نامی علاقے میں داعش کے مراکز پر فضائی حملے اور گولہ باری کی ہے۔

چند روز قبل بھی لیبیا کی قومی وفاق کی حکومت کی فوج نے اعلان کیا تھا کہ شہرسرت کے مرکز میں داعش سے لڑائی میں سات فوجی جاں بحق اور انچاس زخمی ہو گئے ہیں۔

رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ شہر سرت میں تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے افراد محصور ہو گئے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ لیبیا میں خانہ جنگی سے فائدہ اٹھا کے داعش کے افراد ایک سال پہلے اس ملک میں داخل ہوئے اور شہر سرت پر ان کا قبضہ ہو گیا۔ شہر سرت کی آزادی لیبیا میں داعش پر مہلک ترین وار ہو گی۔

ٹیگس